پاکستان نے امریکی ٹی وی کی ایرانی طیاروں سے متعلق خبر کو مسترد کرتے ہوئے خطے میں استحکام کی کوششوں پر زور دیا ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) پاکستان نے امریکی ٹی وی کی رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ نور خان ایئربیس پر ایرانی طیاروں کی موجودگی کے دعوے گمراہ کن ہیں۔ دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ ایسی قیاس آرائیاں خطے میں استحکام کی کوششوں کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔
پاکستان نے واضح کیا ہے کہ جنگ بندی کے بعد ایران اور امریکہ سے متعدد طیارے مذاکراتی عمل کے سلسلے میں پاکستان آئے تھے۔ ان طیاروں کا مقصد سفارتی عملے اور سکیورٹی ٹیموں کی نقل و حرکت کو سہولت فراہم کرنا تھا۔
دفتر خارجہ نے مزید کہا ہے کہ اگرچہ باضابطہ مذاکرات ابھی شروع نہیں ہوئے، لیکن ایرانی وزیر خارجہ کے دورے موجودہ انتظامی سہولیات کے تحت ممکن بنائے گئے ہیں۔ ایرانی طیاروں کا کوئی فوجی ہنگامی صورتحال سے تعلق نہیں ہے۔
وزارت خارجہ کے مطابق پاکستان نے ہمیشہ ایک تعمیری اور ذمہ دار سہولت کار کے طور پر کشیدگی میں کمی کی حمایت کی ہے۔ پاکستان نے تمام متعلقہ فریقوں کے ساتھ شفافیت اور رابطہ برقرار رکھا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان خطے اور دنیا میں امن، استحکام اور سلامتی کے فروغ کے لیے اپنی مخلصانہ کوششوں کی حمایت جاری رکھنے کے عزم پر قائم ہے۔















