فیلڈ مارشل عاصم منیر نے معرکہ حق کو دو نظریات کی جنگ قرار دیا، دشمن کو عبرتناک شکست دی گئی۔
راولپنڈی: (رائیٹ ناؤنیوز) چیف آف آرمڈ فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ معرکہ حق دو ممالک کی جنگ نہیں بلکہ دو نظریات کی جنگ تھی، جس میں دشمن کو عبرتناک شکست دی گئی۔ جی ایچ کیو میں معرکہ حق کی یاد میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمارے لیے باعث افتخار ہے، ایک سال قبل ہماری فورسز نے دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ معرکہ حق میں قوم کی یکجہتی نے دشمن کی کوششوں کو ناکام بنایا، 6 اور 7 مئی کی شب سے 10 مئی تک دشمن نے ناکام کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ معرکہ اچانک نہیں ہوا، بلکہ دشمن کی جانب سے الزامات کے سلسلے کا جواب تھا۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ ہندوستان پاکستان کو عسکری جارحیت کا نشانہ بنانا چاہتا ہے لیکن اس کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کے عزائم کو ہر بار شکست دی گئی اور پاکستان کی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
واضح رہے کہ معرکہ حق کے دوران پاکستانی فورسز نے دشمن کے 26 سے زائد اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا، جس سے بھارت کو جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا۔ فتح میزائلوں اور شاہینوں نے دشمن کے جدید جنگی جہازوں کو زمین بوس کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، قوم کی حمایت سے مسلح افواج ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔ اس کامیابی نے عوام کے اعتماد کو مضبوط کیا ہے اور پاکستان ناقابل تسخیر ہے۔















