وزیراعظم شہباز شریف نے صدر ٹرمپ کے پروجیکٹ فریڈم روکنے کے فیصلے پر ان کی تعریف کی ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پروجیکٹ فریڈم کو عارضی طور پر روکنے کے اقدام پر ان کی تعریف کی ہے۔
وزیراعظم نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ صدر ٹرمپ نے جرات مندانہ قیادت کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے پروجیکٹ فریڈم کی معطلی کا بروقت اعلان کیا، جس پر وہ شکر گزار ہیں۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ یہ فیصلہ پاکستان اور دیگر برادر ممالک، خصوصاً سعودی عرب کی درخواست پر کیا گیا۔ اس سے خطے میں امن و استحکام کو فروغ ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحمل، مکالمے اور سفارت کاری کے ذریعے تنازعات کے پرامن حل کی حمایت کرتا ہے۔ موجودہ پیشرفت سے خطے میں دیرپا امن کی امید ہے۔
یاد رہے کہ سعودی کابینہ نے بھی آبنائے ہرمز میں جہازوں کی محفوظ آمدورفت پر زور دیا ہے تاکہ کسی ممکنہ تنازع سے بچا جاسکے۔














