پاکستان ریلوے نے سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر اپنی حدود میں فلم سازی اور فوٹوگرافی پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان ریلویز نے اپنی حدود میں فلم سازی اور فوٹوگرافی پر مکمل پابندی لگا دی ہے۔ یہ اقدام بلاگرز، صحافیوں، وی لاگرز اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز سمیت ہر شخص پر لاگو ہوگا۔
ترجمان ریلویز کے مطابق، یہ پابندی سیکیورٹی اور آپریشنل عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے لگائی گئی ہے۔ ریلوے آپریشنز یا انفراسٹرکچر کی فلم بندی یا فوٹوگرافی بغیر تحریری اجازت کے ممنوع ہوگی۔
ریلوے حکام نے خبردار کیا ہے کہ ریلوے ملازمین بھی اگر کسی کو اس میں مدد فراہم کرتے ہوئے پائے گئے تو ان کے خلاف محکمانہ کارروائی ہوگی۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔
یہ فیصلہ ریلوے کے حساس نظام کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق، ریلوے کے حساس مقامات کی حفاظت ضروری ہے تاکہ ان کی سیکیورٹی متاثر نہ ہو۔
واضح رہے کہ یہ پابندی فوری طور پر نافذ ہو گئی ہے اور اس کے متعلق باضابطہ نوٹیفکیشن کل جاری کیا جائے گا۔













