اسلام آباد ٹریفک پولیس نے لائسنسنگ کا عمل پیپر لیس کر دیا، شہریوں کو اب کسی پیپر کی ضرورت نہیں ہوگی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز)۔ اسلام آباد ٹریفک پولیس نے لائسنسنگ کا عمل مکمل طور پر پیپر لیس کر دیا ہے۔ آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے پیپر لیس لائسنسنگ کا افتتاح کیا۔
آئی جی اسلام آباد کا کہنا ہے کہ یہ اقدام شہریوں کی سہولت اور وقت کی بچت کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ پہلے شہریوں کو میڈیکل فارم بھرنے اور دیگر پیپرز کا استعمال کرنا پڑتا تھا۔
اب شہریوں کو کسی بھی ڈاکومنٹ یا فوٹو کاپی کی ضرورت نہیں ہو گی۔ چیف ٹریفک آفیسر محمد سرفراز ورک نے اس پراجیکٹ کی تکمیل میں اہم کردار ادا کیا۔
یہ اقدام شہریوں کے لیے اہم ہے کیونکہ یہ نہ صرف وقت کی بچت کرتا ہے بلکہ کاغذ کے استعمال کو بھی کم کرتا ہے۔ اس سے ماحول پر بھی مثبت اثر پڑے گا۔
یاد رہے کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس کی جانب سے لائسنسنگ فیس کے نظام کو بھی جلد ڈیجیٹلائز کیا جائے گا۔ شہریوں کو اب صرف شناختی کارڈ کے ذریعے لائسنس حاصل کرنے کی سہولت ملے گی۔













