پی ایس ایل 11 کے فائنل کے لیے ٹکٹوں کی فروخت 27 اپریل سے شروع ہوگی، ٹکٹوں کی قیمتیں بھی سامنے آگئیں۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز)۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 کے فائنل کے لیے ٹکٹوں کی فروخت کا آغاز 27 اپریل سے ہوگا۔ وزیراعظم شہباز شریف کی منظوری کے بعد قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والے اس میچ کے لیے ٹکٹوں کی قیمتوں کا بھی اعلان کر دیا گیا ہے۔
پاکستان سپر لیگ 11 کا فائنل 3 مئی کو قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ ٹکٹوں کی آن لائن دستیابی pcb.tcs.com.pk پر شام 4 بجے سے شروع ہوگی جبکہ فزیکل ٹکٹ 28 اپریل کی صبح 10 بجے سے لاہور کے 18 ٹی سی ایس ایکسپریس سینٹرز پر فروخت ہوں گے۔
پی سی بی کے مطابق جنرل انکلوژرز کے ٹکٹ 1500 روپے میں دستیاب ہوں گے۔ فرسٹ کلاس انکلوژرز کے ٹکٹ کی قیمت 2000 روپے رکھی گئی ہے۔ وی آئی پی انکلوژرز کے ٹکٹ 6000 روپے جبکہ پریمیئم انکلوژرز کے لیے 4000 روپے میں دستیاب ہوں گے۔
وی سی آئی پی انکلوژر میں میچ دیکھنے کے لیے 8000 روپے کے ٹکٹ خریدے جا سکتے ہیں۔ جناح اینڈ میں ظہیر عباس انکلوژر کے ٹکٹ 10 ہزار روپے میں جبکہ پی سی بی گیلری کے ٹکٹ 12 ہزار روپے میں فروخت ہوں گے۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل فائنل کی ٹکٹوں کی فروخت ہمیشہ سے شائقین کے لیے توجہ کا مرکز رہی ہے، اور اس مرتبہ بھی شائقین بڑی تعداد میں فائنل دیکھنے کی تیاری کر رہے ہیں۔















