امریکی فوج نے بحرِ ہند میں ایرانی تیل ٹینکر ‘میجسٹک ایکس’ کو تحویل میں لینے کا دعویٰ کیا ہے، جو امریکی پابندیوں کی زد میں تھا۔
واشنگٹن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) امریکی فوج نے بحرِ ہند میں ایرانی تیل کے حامل ایک آئل ٹینکر کو تحویل میں لینے کا دعویٰ کیا ہے۔
امریکی محکمہ دفاع کے بیان کے مطابق ‘میجسٹک ایکس’ نامی جہاز کو بھارتی سمندر میں روکا گیا اور اس کی مکمل تلاشی لی گئی، جس کے بعد امریکی انڈو پیسیفک کمانڈ نے کارروائی کرتے ہوئے اسے قبضے میں لے لیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ جہاز ایران سے تیل لے جا رہا تھا اور امریکی پابندیوں کی زد میں تھا۔ اس ٹینکر میں 19 لاکھ بیرل ایرانی خام تیل موجود تھا۔
امریکی محکمہ جنگ نے کہا کہ ایران کی معاونت کرنے والے جہازوں کو روکنے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔ یہ کارروائیاں کہیں بھی ہوں، محکمہ جنگ سمندر میں غیر قانونی نقل و حرکت روکنے کی کوشش کرتا رہے گا۔
واضح رہے کہ امریکی فوج کی جانب سے ایرانی تیل کی نقل و حمل کو روکنے کی یہ کارروائیاں امریکی پابندیوں کے تحت کی جا رہی ہیں، جو ایران کے ساتھ بین الاقوامی معاہدوں کی خلاف ورزی کی روک تھام کے لیے ہیں۔













