وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے بجلی خریداری میں میرٹ آرڈر کی خلاف ورزی پر انکوائری کا حکم دیا ہے، کمپنیوں کو قوانین کی پابندی کی ہدایت۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے میرٹ آرڈر کے برعکس بجلی خریداری کا سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری انکوائری کا حکم دیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ بجلی کی خریداری نیپرا قوانین کے تحت ہی کی جائے گی۔ پاور ڈویژن کے مطابق تمام کمپنیوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ میرٹ آرڈر کی مکمل پیروی کریں۔
وزیر توانائی نے واضح کیا کہ کم قیمت والے پاور پلانٹس کو ترجیح دی جائے گی تاکہ عوام کو سستی بجلی مل سکے اور نظام میں شفافیت برقرار رہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مہنگے پاور پلانٹس سے بجلی کی فراہمی میرٹ آرڈر کے تحت ہی ممکن ہوگی۔ پاور ڈویژن نے اعلان کیا کہ آئندہ بغیر میرٹ آرڈر کے بجلی نہیں لی جائے گی۔
واضح رہے کہ وزیر توانائی نے اداروں کو ہدایت کی ہے کہ قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ توانائی کے شعبے میں شفافیت بہتر ہو سکے۔















