نادرا نے نئی ویب سائٹ متعارف کرائی، شناختی خدمات کو مزید منظم اور صارف دوست بنایا گیا ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) نادرا نے ایک نئی اور جدید ویب سائٹ متعارف کرائی ہے، جس سے شناختی خدمات کو مزید منظم اور صارف دوست بنایا گیا ہے۔
نئی ویب سائٹ پر شناختی کارڈ، نائیکوپ، پی اوسی، ایف آرسی سمیت تمام خدمات کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا گیا ہے۔ رجسٹریشن ڈیٹا اور اعداد و شمار nGRIDS سسٹم پر نقشوں میں دستیاب ہیں، جبکہ ضلعی سطح پر مردم شماری اور رجسٹریشن کا تقابلی جائزہ بھی فراہم کیا گیا ہے۔
تحقیقی سرگرمیوں کے لئے میپ گیلری متعارف کرائی گئی ہے، جس میں قومی اور صوبائی سطح کے اعداد و شمار موجود ہیں۔ پیدائش، وفات، شادی اور طلاق کی رجسٹریشن کا مربوط نظام بھی شامل ہے۔
بینکاری، ٹیلی کام اور حکومتی اداروں کے لئے تصدیقی خدمات کو یکجا کیا گیا ہے۔ کال سنٹر، آئی وی آر اور ای میل سپورٹ کو مزید مؤثر بنایا گیا ہے جبکہ شکایات کے اندراج اور ازالے کا نظام بہتر کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ملک بھر اور بیرون ملک نادرا نیٹ ورک کی مکمل معلومات اور رجسٹریشن مراکز کی معلومات فراہم کی گئی ہیں۔ رائٹ ٹو انفارمیشن اور میڈیا سنٹر کے سیکشنز جدید خطوط پر استوار کئے گئے ہیں۔














