پنجاب حکومت نے خواتین کے لیے ای لرن شی ارن کے نام سے ڈیجیٹل سکل پروگرام شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پنجاب حکومت نے خواتین کی معاشی مضبوطی کے لیے ای لرن شی ارن پروگرام شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت ہزاروں خواتین کو ڈیجیٹل سکلز سکھائی جائیں گی۔
پروگرام کے تحت 15 سے 35 سال کی خواتین کو ڈیجیٹل سکلز سکھائی جائیں گی۔ 70 کروڑ روپے کی لاگت سے ایک سالہ پروگرام مکمل کیا جائے گا، جس کے دوران خواتین کو 3 ماہ کے آن لائن کورسز مفت فراہم کیے جائیں گے۔
شرکت کرنے والی خواتین کو لیپ ٹاپ، انٹرنیٹ اور ماہانہ وظیفہ بھی دیا جائے گا۔ پروگرام میں ڈیجیٹل کسٹمر کیئر، گرافک ڈیزائننگ، ای کامرس اسٹور، ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور ورچوئل اسسٹنٹ کے کورسز شامل ہوں گے۔
یہ اقدام خواتین کی معاشی خودمختاری اور باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔ یہ پروگرام ان خواتین کے لیے خاص طور پر مفید ہوگا جو گھر سے کام کرنا چاہتی ہیں۔
یاد رہے کہ پنجاب حکومت پہلے بھی خواتین کے لیے مختلف معاشی منصوبے شروع کر چکی ہے جن کا مقصد ان کی معاشی بہتری اور خودمختاری ہے۔















