امریکی صدر ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ ایران کے ساتھ ڈیل نہ ہونے پر جنگ یقینی ہو سکتی ہے اور بم پھٹنے شروع ہو جائیں گے۔
واشنگٹن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران کے ساتھ ڈیل نہ ہوئی تو جنگ یقینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیز فائر بدھ کی شام ختم ہو جائے گا اور معاہدہ نہ ہونے کی صورت میں جنگ کے امکانات بڑھ جائیں گے۔
ٹرمپ نے امریکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ ایران کے ساتھ سیز فائر کی مدت میں مزید توسیع کا کوئی امکان نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم کسی جلد بازی میں معاہدہ نہیں کریں گے، ہمارے پاس وقت کی کمی نہیں ہے۔
امریکی صدر نے کہا کہ اگر ڈیل نہ ہوئی تو سیز فائر کے خاتمے کے بعد فوری لڑائی شروع ہو سکتی ہے اور بہت سارے بم پھٹنا شروع ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کو مذاکرات میں شریک ہونا چاہیے، اگر وہ نہیں ہوتے تو یہ بھی ٹھیک ہے۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ ایران کے پاس جوہری ہتھیار نہیں ہونے چاہییں، یہی مذاکرات کا بنیادی مقصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایران تنازع ختم کر دیتا ہے تو تیل کی قیمتیں تیزی سے نیچے آئیں گی۔
واضح رہے کہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی قیادت میں وفد جلد پاکستان پہنچنے والا ہے اور اگر مذاکرات میں پیش رفت ہوتی ہے تو ٹرمپ ایرانی قیادت سے ملنے کے لیے تیار ہیں۔












