پاور ڈویژن کا ڈسکوز میں روایتی میٹرز کا خاتمہ، اسمارٹ میٹرز لازمی قرار

پاور ڈویژن نے ڈسکوز میں روایتی میٹرز کا اجرا ختم کرکے اسمارٹ میٹرز کی تنصیب کو لازمی قرار دیا ہے، جس سے بجلی چوری کی روک تھام اور شفافیت میں بہتری کی توقع ہے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
ڈسکوز میں روایتی میٹرز کا خاتمہ، اسمارٹ میٹرز لازمی قرار

اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاور ڈویژن کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ ڈسٹری بیوشن کمپنیز (ڈسکوز) میں روایتی میٹرز کا اجرا ختم کردیا گیا ہے اور اب جدید ڈیجیٹل نظام کی جانب عملی پیش رفت کی گئی ہے۔

تھری فیز صارفین کے تمام میٹرز کو مرحلہ وار اسمارٹ میٹرز میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پاور ڈویژن نے بجلی کنکشنز کے لیے اسمارٹ میٹرز کی تنصیب کو لازمی قرار دیا ہے۔ اسمارٹ میٹرز کی تنصیب سے ریکوری میں بہتری اور نقصانات میں کمی کی توقع ہے۔

پاور ڈویژن اور انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی) کے درمیان ٹرانزیکشن ایڈوائزری سروسز کا معاہدہ ہوا ہے، جس کے تحت ایک کروڑ کنکشنز پر اسمارٹ میٹرز کی تنصیب کا منصوبہ ہے۔ اس اقدام سے بجلی چوری کی روک تھام اور بلنگ میں شفافیت آئے گی۔

حکام کے مطابق عالمی مسابقتی عمل سے اسمارٹ میٹرز کی قیمتوں میں 40 فیصد کمی ہوئی ہے۔ کمرشل اور صنعتی صارفین کو بھی ڈیجیٹل نظام میں شامل کیا جائے گا، جس سے پاور سیکٹر میں اصلاحات کے ذریعے مالی استحکام اور کارکردگی میں اضافہ ہوگا۔

واضح رہے کہ اسمارٹ میٹرنگ نظام کے نفاذ سے بجلی کی چوری کے مسائل میں کمی آئے گی اور بلنگ کے نظام میں شفافیت لانے میں مدد ملے گی، جس سے صارفین کو فائدہ پہنچے گا۔

دیگر متعلقہ خبریں