آبنائے ہرمز میں ناکہ بندی کے دوران 23 بحری جہاز واپس بھیجے گئے، سینٹ کام کے مطابق ایرانی بندرگاہوں کی نگرانی جاری ہے۔
واشنگٹن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) امریکی سینٹ کام نے اعلان کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں ناکہ بندی کے باعث اب تک 23 بحری جہازوں کو واپس بھیجا جا چکا ہے۔ ناکہ بندی کا مقصد ایرانی بندرگاہوں کی طرف آنے اور جانے والے بحری جہازوں کو روکنا ہے۔
امریکی سینٹ کام کے مطابق ایرانی بندرگاہوں کی طرف روانہ ہونے والے جہازوں کی کڑی نگرانی جاری ہے۔ ان اقدامات کے تحت ایرانی جہازوں کو آبنائے ہرمز میں داخلے سے روک دیا گیا ہے۔
اسی دوران آبنائے ہرمز میں ایک آئل ٹینکر پر فائرنگ کا واقعہ بھی پیش آیا۔ برطانوی میری ٹائم ایجنسی نے اطلاع دی کہ عمان سے تقریباً 20 ناٹیکل میل دور ایک آئل ٹینکر کو پاسدارانِ انقلاب کی کشتیوں سے نشانہ بنایا گیا۔
رپورٹ کے مطابق فائرنگ کے باوجود آئل ٹینکر اور اس کا عملہ محفوظ رہا۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ اصل حقائق سامنے آسکیں۔
واضح رہے کہ آبنائے ہرمز تیل کی عالمی تجارت کے لیے اہم ترین راستہ ہے۔ یہاں کی ناکہ بندی سے عالمی سطح پر تیل کی ترسیل متاثر ہو سکتی ہے۔












