قائمہ کمیٹی نے موبائل فونز پر ٹیکس میں کمی کی تجویز دی، آئندہ بجٹ میں غور ہوگا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے موبائل فونز پر عائد ٹیکس میں کمی کی تجویز دی ہے۔ کمیٹی نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں اس معاملے کا جائزہ لیا جائے گا۔
اجلاس میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین راشد محمود لنگڑیال نے شرکت کی۔ حکام نے یقین دہانی کرائی کہ موبائل فونز پر ٹیکس میں کمی کے معاملے کو آئندہ بجٹ میں زیر غور لایا جائے گا۔
اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ 500 ڈالر سے زائد مالیت کے درآمدی موبائل فونز پر 76 ہزار روپے تک ٹیکس عائد ہوتا ہے، جو 54 فیصد بنتا ہے۔ 700 سے 750 ڈالر قیمت والے فونز پر ٹیکس کی شرح 55 فیصد تک پہنچ جاتی ہے۔
حکام کے مطابق درآمدی موبائل فونز پر 54 فیصد ٹیکس عائد ہے، جبکہ مقامی طور پر تیار یا اسمبل کیے گئے فونز پر یہ شرح 25 فیصد رہ جاتی ہے۔ مزید بتایا گیا کہ موبائل فونز پر 18 فیصد جنرل سیلز ٹیکس بھی لاگو ہے۔
یاد رہے کہ کمیٹی کے چیئرمین سید نوید قمر نے کہا کہ ملک میں جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ آئندہ وفاقی بجٹ میں موبائل فون ٹیکس سے متعلق واضح پالیسی پیش کی جائے۔















