پنجاب کے کاشتکاروں کو 6 ارب روپے کا باردانہ مفت دینے کا اعلان

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے گندم کے کاشتکاروں کو 6 ارب روپے کا باردانہ مفت دینے کا اعلان کیا ہے، جبکہ گندم کی قیمت 3500 روپے فی من مقرر کی گئی ہے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
مریم نواز، پنجاب کے کاشتکاروں کو 6 ارب روپے کا مفت باردانہ

لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اعلان کیا ہے کہ گندم کے کاشتکاروں کو 6 ارب روپے کا باردانہ مفت دیا جائے گا۔ یہ باردانہ رجسٹرڈ کاشتکاروں کو خریداری مراکز سے فی ایکڑ 10 بوری فراہم کیا جائے گا، جبکہ گندم کی قیمت 3500 روپے فی من مقرر کی گئی ہے۔

پنجاب حکومت نے کاشتکاروں سے گندم کی فوری خریداری کے لیے احکامات جاری کیے ہیں۔ کاشتکاروں کو ادائیگی 72 گھنٹوں کے اندر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ صوبائی اور ڈویژنل سطح پر اسٹریٹیجک مینجمنٹ کمیٹیاں قائم کی گئی ہیں جو خریداری کی نگرانی کریں گی۔

وزیراعلیٰ نے کسان کارڈ ہولڈرز سے ترجیحی بنیادوں پر گندم خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کسان کارڈ کے ذریعے 9 لاکھ کاشتکاروں کی رجسٹریشن مکمل ہو چکی ہے، جس سے 100 ارب روپے کے قرضے جاری کیے گئے ہیں۔

اس اجلاس میں مقامی صنعت کی ترقی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈسکہ میں ہارویسٹر کی مقامی سطح پر تیاری کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ گرین ٹریکٹر اسکیم کے تحت 30 ہزار ٹریکٹرز کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، اور 20 ہزار ٹریکٹرز کاشتکاروں کو فراہم کیے جا چکے ہیں۔

واضح رہے کہ پنجاب حکومت کی مختلف اسکیموں پر 88 فیصد کسانوں نے اعتماد کا اظہار کیا ہے، جو مقامی زراعت اور معیشت کے فروغ کا باعث بن رہی ہیں۔

دیگر متعلقہ خبریں