پاور ڈویژن نے پیک آورز میں روزانہ سوا 2 گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ کا اعلان کیا ہے تاکہ مہنگے ایندھن کے کم استعمال سے بجلی قیمتوں میں ممکنہ اضافے کو روکا جا سکے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاور ڈویژن نے پیک آورز میں روزانہ سوا 2 گھنٹے کی بجلی لوڈشیڈنگ کا اعلان کیا ہے۔
ترجمان پاور ڈویژن نے بتایا کہ جولائی تا فروری بجلی صارفین کو 46 ارب روپے کا ریلیف دیا گیا، جبکہ ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود بجلی 71 پیسے سستی ہوئی ہے۔ کم لاگت ذرائع اور پیداواری صلاحیت کو مؤثر طریقے سے استعمال کیا گیا۔
حکومت نے ترسیلی و انتظامی سطح پر بہتری لا کر نقصانات کو کم کیا ہے۔ عالمی سطح پر سخت حالات کے باوجود ملک میں بجلی کی پیداوار مستحکم ہے۔
پاور ڈویژن نے بتایا کہ شام 5 سے رات 1 بجے تک روزانہ سوا 2 گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ کی جائے گی، تاکہ مہنگے ایندھن کے کم استعمال سے بجلی قیمتوں میں ممکنہ اضافے کو روکا جا سکے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم کی ہدایت پر مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، اور کسی بھی صورت بجلی کی قیمت میں بے تحاشہ اضافہ نہ ہونے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔













