پنجاب حکومت نے ریئل اسٹیٹ میں اصلاحات نافذ کرتے ہوئے اسٹامپ آرڈیننس 2026 کا اعلان کیا ہے، جس سے سرمایہ کاری اور معیشت میں بہتری متوقع ہے۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پنجاب حکومت نے ریئل اسٹیٹ سیکٹر میں بڑی اصلاحات کا اعلان کر دیا ہے۔ اسٹامپ آرڈیننس 2026 کے تحت قابلِ تفویض دستاویزات کو قانونی حیثیت دے دی گئی ہے۔
پراپرٹی سرمایہ کاری کے لیے نیا آسان اور شفاف نظام متعارف کروا دیا گیا ہے۔ قابلِ تفویض دستاویز پر 12 ماہ تک صرف 1 فیصد اسٹامپ ڈیوٹی عائد ہوگی، جبکہ اضافی ٹیکس لاگو نہیں ہوگا۔
ڈائریکٹر جنرل پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی، اکرام الحق نے بتایا کہ شہری و دیہی علاقوں میں ٹیکس کا فرق ختم کر دیا گیا ہے اور زرعی زمین پر اسٹامپ ڈیوٹی میں نمایاں کمی کی گئی ہے۔
اکرام الحق نے مزید کہا کہ قابلِ تفویض دستاویز کی ای رجسٹریشن کے ذریعے پراپرٹی لین دین کو مزید محفوظ بنایا گیا ہے۔ اس سے فراڈ کے امکانات میں نمایاں کمی متوقع ہے۔
واضح رہے کہ حکومت پنجاب کے اس اقدام سے سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا اور معیشت کو فروغ ملے گا۔















