سعودی عرب اور قطر پاکستان کو 5 ارب ڈالر کی مالی مدد دیں گے۔ اس سے پاکستان کو کمزور زرِ مبادلہ ذخائر پر دباؤ کم کرنے میں مدد ملے گی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ترکیے کی خبر ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی عرب اور قطر پاکستان کو 5 ارب ڈالر مالی مدد فراہم کریں گے۔
گزشتہ روز سعودی وزیر خزانہ نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں مشرق وسطیٰ میں بڑھتے دباؤ اور اخراجات کے پیش نظر پاکستان کو مالی مدد کی یقین دہانی کرائی گئی۔
پاکستان نے سعودی عرب سے مزید مالی امداد کی درخواست کی، جس میں نقد ڈپازٹس میں اضافہ اور تیل کی سہولت (Oil Financing Facility) کی مدت میں توسیع شامل ہے۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے اقتصادی تعاون اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
واضح رہے کہ پاکستان اپریل کے اختتام تک متحدہ عرب امارات کو 3.5 ارب ڈالر قرض واپس کرے گا، جبکہ پاکستان کے زر مبادلہ کے ذخائر تقریباً 16.4 ارب ڈالر ہیں۔















