آرٹیمس ٹو مشن کے خلا باز بحر الکاہل میں بحفاظت اتر گئے۔ یہ چاند کے قریب جانے والا پہلا انسانی سفر تھا۔
کیلیفورنیا: (رائیٹ ناوٴ نیوز) آرٹیمس ٹو مشن کے چار خلا باز، خلا میں تقریباً دس دن گزارنے کے بعد بحفاظت بحر الکاہل میں اتر گئے۔ ناسا کے اس مشن کو ‘انٹیگریٹی’ کا نام دیا گیا تھا، جو گزشتہ پچاس سال بعد چاند کے قریب جانے والا پہلا انسانی سفر تھا۔
خلائی کیپسول ‘اورین’ نے بحرالکاہل میں کیلیفورنیا کے ساحل کے قریب پانی میں کامیابی سے لینڈنگ کی۔ ناسا کے مطابق لینڈنگ کے وقت خلا باز محفوظ رہے اور ان کی حالت تسلی بخش تھی۔
اس مشن کے دوران خلا باز زمین سے تقریباً 2 لاکھ 52 ہزار میل دور گئے۔ مجموعی طور پر یہ سفر 7 لاکھ میل کے فاصلے پر محیط تھا، جس میں زمین کے گرد دو چکر اور چاند کے قریب سے گزرنا شامل تھا۔
کیپسول کی زمین کی فضا میں واپسی کے وقت اس کی رفتار آواز کی رفتار سے 33 گنا زیادہ تھی۔ اس کی رفتار کم ہونے کے بعد پیراشوٹ کھلے اور کیپسول آہستہ آہستہ سمندر میں اترا۔
واضح رہے کہ آرٹیمس پروگرام کا مقصد آئندہ برسوں میں دوبارہ چاند پر انسان کو اتارنا ہے، جس کی منصوبہ بندی 2028 کے لیے کی جا رہی ہے۔ اس کے بعد مریخ پر انسانی مشن بھیجنے کا طویل المدتی ہدف ہے۔













