گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 40 فیصد کمی کا اعلان کر دیا گیا، ملک شہزاد اعوان کا حکومت سے مزید ریلیف کا مطالبہ۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس ملک شہزاد اعوان نے اعلان کیا ہے کہ گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 40 فیصد کمی کر دی گئی ہے۔
ملک شہزاد اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ مزید کمی کی جائے گی۔
انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ ٹول ٹیکس، ود ہولڈنگ ٹیکس اور موٹروے و ٹریفک پولیس کے غیر ضروری چالان میں بھی ریلیف دیا جائے۔
ملک کی نازک صورتحال اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو دیکھتے ہوئے وفاقی و صوبائی حکومتوں سے ٹیکسز میں ریلیف دینے کی درخواست کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کا مطالبہ بڑھ رہا تھا، جس پر حکومت نے توجہ دی ہے۔















