ایران کا اعلیٰ سطحی وفد اسلام آباد پہنچا، جہاں امریکا کے ساتھ اہم مذاکرات متوقع ہیں۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ایرانی اعلیٰ سطحی وفد اسلام آباد پہنچ گیا ہے، جہاں امریکا کے ساتھ اہم مذاکرات متوقع ہیں۔ وفد کی قیادت ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف کر رہے ہیں۔
وفد میں وزیر خارجہ عباس عراقچی، سپریم نیشنل ڈیفنس کونسل کے سیکریٹری علی اکبر احمدیان، مرکزی بینک کے گورنر عبدالناصر ہمتی اور سابق پاسدارانِ انقلاب کمانڈر محمد باقر ذوالقدر شامل ہیں۔ کئی پارلیمنٹ کے ارکان بھی وفد کا حصہ ہیں۔
باقر قالیباف نے جہاز کی ایک تصویر بھی سوشل میڈیا پر شئیر کی ہے جس میں جہاز کی سیٹ پر حالیہ جنگ میں شہید ہونے والی بچوں کی تصویریں لگی ہوئے تھی۔ باقر قالیباف نے ان بچوں کو ان مذاکرات میں اپنا ساتھی قرار دیا ہے۔
یہ مذاکرات ایسے وقت ہو رہے ہیں جب پاکستان کی میزبانی میں امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کو آگے بڑھانے کی کوششیں جاری ہیں۔ امریکی وفد کی نمائندگی نائب صدر جے ڈی وینس کریں گے۔
ایرانی مؤقف میں احتیاط بھی دکھائی دے رہی ہے۔ محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ لبنان میں جنگ بندی اور منجمد اثاثوں کی بحالی جیسے نکات پر پیش رفت کے بغیر مذاکرات شروع نہیں ہو سکتے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد مذاکرات کے ماحول پر لبنان کی صورتحال، جنگ بندی کی شرائط اور باہمی اعتماد کے بحران کے سائے موجود ہیں، جس کے باعث یہ خطے کے لیے ایک اہم امتحان سمجھا جا رہا ہے۔











