وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ افغانستان میں کارروائی کی صورت میں واضح اقدام ہوگا، طالبان پر اعتماد کرنا بے سود ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اگر افغانستان میں کارروائی کی ضرورت پیش آئی تو وہ واضح طور پر کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری کارروائیاں شہریوں کو نشانہ نہیں بناتیں۔
انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا ہے کہ ہمارے دوست خطے میں امن چاہتے ہیں، جس سے انہیں بھی فائدہ ہوگا اور وہ جلد مداخلت کریں گے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ افغان طالبان تنہا رہ جائیں گے اور ان کی تباہی کا نتیجہ دہشت گردی کے خاتمے کی صورت میں ہوگا۔ انہوں نے طالبان کو مفاد پرستوں کا گروہ قرار دیا اور کہا کہ ان پر اعتماد کرنا بے سود ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری فورسز ڈسپلن کی پابند ہیں جبکہ طالبان کا کوئی ضابطہ اخلاق نہیں۔ خطے میں امن کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان اگر بھارت کے ساتھ تعلقات رکھنا چاہے تو بھی وہ آزاد ہے۔















