ایرانی فوج نے امریکی فضائی اہداف کی تباہی کا دعویٰ کیا، امریکی پائلٹ کی تلاش کے دوران کارروائی ہوئی۔
تہران: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ایرانی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ لاپتہ امریکی پائلٹ کی تلاش کے دوران متعدد امریکی فضائی اہداف تباہ کیے گئے۔ یہ دعویٰ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تصدیق کے بعد سامنے آیا کہ ایران میں گرنے والے طیارے کے دوسرے پائلٹ کو بھی نکال لیا گیا ہے۔
ایرانی فوج کے مطابق تباہ کیے گئے اہداف میں ایک سی 130 فوجی ٹرانسپورٹ طیارہ اور 2 بلیک ہاک ہیلی کاپٹر شامل تھے۔ حکام نے کہا کہ یہ کارروائی فضائیہ، بری فوج، عوامی یونٹس، بسیج فورسز اور پولیس کی مشترکہ کارروائی کے دوران کی گئی۔
ایرانی میڈیا نے اصفہان میں ایک اسرائیلی ڈرون کو بھی مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔ امریکی پائلٹ کے ریسکیو آپریشن کے دوران حملوں میں 5 ایرانیوں کی ہلاکت کی اطلاعات بھی ملیں۔
امریکی ذرائع کے مطابق پائلٹ تک پہنچنے والے ایرانی عناصر کو روکنے کے لیے ڈرون حملے کیے گئے۔ بعض اطلاعات میں کہا گیا کہ ریسکیو مشن کے دوران پھنسنے والے 2 امریکی ایم سی 130 طیارے امریکی افواج نے خود تباہ کیے۔
واضح رہے کہ ایف 15 ای لڑاکا طیارہ ایران کے صوبہ کہگیلویہ و بویر احمد میں گر کر تباہ ہوا تھا اور دونوں پائلٹ پیراشوٹ کے ذریعے باہر نکلنے میں کامیاب رہے تھے۔ ایران نے پہلے دعویٰ کیا تھا کہ طیارہ اس کی فورسز نے مار گرایا، تاہم امریکا کا کہنا ہے کہ اس نے دونوں پائلٹوں کو بحفاظت نکال لیا ہے۔











