31ویں ٹیکسٹائل ایشیا نمائش لاہور میں کامیابی سے اختتام پذیر، 30 ملین ڈالر معاہدے طے پائے۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) 31ویں ٹیکسٹائل ایشیانمائش کا انعقاد لاہور ایکسپو سینٹر میں 22 سے 24 نومبر تک ہوا۔ یہ نمائش ای کامرس گیٹ وے پاکستان لمیٹڈ کی میزبانی میں پاکستان ریڈی میڈ گارمنٹس مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے تعاون اور ایس آئی ایف سی کی اسٹریٹجک معاونت سے کامیابی سے اختتام پذیر ہوئی۔
یونائیٹڈ بزنس گروپ کے پیٹرن ان چیف ایس۔ ایم تنویر نے تقریب کی صدارت کی جبکہ فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور بورڈ آف انویسٹمنٹ کے وفود نے بھی شرکت کی۔ اس ایونٹ نے 30 ملین ڈالر کے یقینی اور متوقع معاہدوں کے ساتھ ریکارڈ ساز کاروباری کامیابی حاصل کی۔
نمائش میں 10 سے زائد ممالک کے دو ہزار عالمی برانڈز، 425 نمائش کنندگان، بین الاقوامی مندوبین اور 57,000 سے زائد تجارتی زائرین نے شرکت کی۔ اسمارٹ فیکٹریز، اے آئی سسٹمز، انٹرنیٹ آف تھنگز، روبوٹکس بیسڈ مشینری اور ڈیجیٹل پرنٹنگ صنعتی شعبہ کی توجہ کا مرکز رہے۔
ٹیکسٹائل ایشیا 2025 کے ذریعے پاکستان میں عالمی اشتراک اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوئے۔ عالمی ٹیکنالوجی لیڈرز کی بھرپور شمولیت نے پاکستان کے ٹیکسٹائل شعبہ کو نئی جہت دی۔ ایس آئی ایف سی کے تعاون سے صنعتی شعبہ جدید ٹیکنالوجی، تحقیق اور ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔














