وزارت دفاع نے کنٹونمنٹ بورڈز کو تحلیل کر کے نگران بورڈ تشکیل دیے

وزارت دفاع نے کنٹونمنٹ بورڈز تحلیل کر کے نگران بورڈز تشکیل دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزارت دفاع نے تمام کنٹونمنٹ بورڈز کو تحلیل کر کے نگران بورڈز کی فوری تقرری کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ ۲۴ نومبر کو ہونے والی ایک ان ہاؤس ڈسکشن میں کیا گیا جہاں ڈی جی ملٹری لینڈز اینڈ کنٹونمنٹس کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔

وزارت دفاع کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تمام ریجنل ڈائریکٹرز اور سی ای اوز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ۲۶ نومبر ۲۰۲۵ تک اپنے دائرہ اختیار میں ایک سول ممبر اور ایک مسلح افواج کے افسر کا نام ارسال کریں۔ اس نامزدگی کا عمل افسرِ کمانڈنگ اسٹیشن کی سفارش پر ہوگا۔

خط میں واضح کیا گیا ہے کہ سول رکن، جسے نگران بورڈ کے لیے منتخب کیا جائے گا، آئندہ کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں امیدوار نہیں ہوگا۔ تمام نامزدگیاں دفتری اوقات کار ختم ہونے سے پہلے جمع کروانے کی ہدایت دی گئی ہے۔

موجودہ منتخب اراکین اپنی چار سالہ مدت پوری ہونے کے بعد عہدہ چھوڑ دیں گے اور ان کی رکنیت ختم ہو جائے گی۔ یہ اقدام کنٹونمنٹس (ترمیمی) ایکٹ ۲۰۲۳ کے تحت کیا گیا ہے۔

سابق بورڈ کے فیصلے، جو منتخب اراکین کی مدت پوری ہونے کے بعد کیے گئے، نگران بورڈ کے سامنے منظوری کے لیے رکھے جائیں گے تاکہ تمام فیصلوں کی باضابطہ توثیق ہو سکے۔

دیگر متعلقہ خبریں