گلگت بلتستان حکومت تحلیل، یار محمد خان نگران وزیراعلیٰ مقرر

گلگت بلتستان حکومت تحلیل، یار محمد خان نگران وزیراعلیٰ مقرر۔ وزرا و مشیران ڈی نوٹیفائی۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

گلگت: (رائیٹ ناوٴ نیوز) گلگت بلتستان کی حکومت اپنی 5 سالہ مدت مکمل ہونے پر اسمبلی تحلیل  ہو گئی  ہے اور جسٹس (ر) یار محمد خان کو نگران وزیراعلیٰ مقرر کر دیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ وزیراعلیٰ اور قائد حزب اختلاف کی مشاورت سے کیا گیا۔

جسٹس ریٹائرڈ یار محمد خان کی تعیناتی گلگت بلتستان کے آئین کے آرٹیکل 48 اے (2) کے تحت عمل میں آئی۔ اس تعیناتی کے لیے گلگت بلتستان کونسل کے چیئرمین نے موجودہ وزیراعلیٰ اور اپوزیشن لیڈر سے مشاورت کی تھی۔

یار محمد خان کا تعلق ضلع استور سے ہے اور وہ عدلیہ کے اعلیٰ عہدوں پر خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔ حکومت کی مدت مکمل ہونے پر رات 12 بجے کے بعد نگران حکومت نے کام سنبھال لیا ہے جو آئندہ انتخابات تک برقرار رہے گی۔

دوسری جانب گلگت بلتستان حکومت کے قانون و استغاثہ ڈپارٹمنٹ نے نوٹیفکیشن جاری کیا جس کے تحت وزرا، مشیران، کوآرڈینیٹرز اور وزرائے اعلیٰ کے خصوصی معاونین کو ڈی نوٹیفائی کر دیا گیا ہے۔ یہ نفاذ 24 نومبر 2025 کی رات 12 بجے سے لاگو ہو گیا۔

یہ نوٹیفکیشن گلگت بلتستان اسمبلی سیکرٹریٹ کے مراسلے اور گلگت بلتستان گورننس ریفارمز 2019 کی شق 56(5) کے تحت جاری کیا گیا، جس کے بعد نگران سیٹ اپ کے انتظامی ڈھانچے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں