گلگت بلتستان حکومت کی آئینی مدت ختم، نگران حکومت کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری۔ نگران وزیر اعلیٰ کا اعلان جلد متوقع۔
گلگت بلتستان: (رائیٹ ناوٴ نیوز) گلگت بلتستان کی حکومت کی پانچ سالہ آئینی مدت آج مکمل ہو گئی اور اس کے اختتام پر نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
تمام وزراء، مشیران اور کوآرڈینیٹرز کو ڈی نوٹیفائی کر دیا گیا ہے اور نگران حکومت کے قیام کے لیے دفعات کے تحت نوٹیفکیشن نافذ العمل ہوگا۔ یہ نوٹیفکیشن 24 نومبر 2025 کی رات 12 بجے سے مؤثر ہوگا اور گلگت بلتستان اسمبلی سیکرٹریٹ کے سیکرٹری قانون و استغاثہ سجاد حیدر کے دستخط کے ساتھ جاری کیا گیا ہے، جو تمام سرکاری دفاتر اور انتظامی حکام کو بھیجا گیا ہے۔
نگران وزیر اعلیٰ کی تقرری کے لیے سمری بھیجی جا چکی ہے اور اعلان کل متوقع ہے۔ نگران وزیر اعلیٰ کے بعد نئی نگران کابینہ کے نام بھی جاری کیے جائیں گے۔ حکومتی مدت کے اختتام پر کابینہ تحلیل اور وزیر اعلیٰ گلبر خان سبکدوش ہوں گے۔
اپوزیشن نے کہا ہے کہ نگران سیٹ اپ خطے میں شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کا ذمہ دار ہوگا اور عوامی مسائل کے حل کے لیے اقدامات کیے جانے چاہئیں۔ الیکشن کمیشن نے بھی کہا ہے کہ آئندہ انتخابات آئینی شیڈول کے مطابق کرائے جائیں گے۔















