ایران پر حملے نے ممکنہ تیسری عالمی جنگ روک دی ، ٹرمپ

امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران پر حملے نے ممکنہ تیسری عالمی جنگ کو روکا اور ایران جوہری ہتھیار بنا سکتا تھا۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
ٹرمپ: ایران پر حملے نے ممکنہ تیسری عالمی جنگ روک دی

واشنگٹن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران پر امریکی حملے نے ممکنہ تیسری عالمی جنگ کو روکا۔ اوول آفس میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران کے جوہری پروگرام کو نشانہ نہ بنایا جاتا تو وہ ایک ماہ میں جوہری ہتھیار بنا سکتا تھا۔

ٹرمپ کے مطابق ایران ممکنہ طور پر پہلے اسرائیل اور پھر مشرق وسطیٰ کے دیگر ممالک کو نشانہ بناتا، جس سے جوہری جنگ کا خطرہ پیدا ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا نے یہ اقدام پوری دنیا کے تحفظ کے لیے کیا۔

امریکی صدر نے کہا کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل نہیں ہونے چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کی قیادت کمزور ہو چکی ہے اور اس کے پاس مؤثر بحریہ، فضائیہ اور دفاعی نظام موجود نہیں۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ موجودہ صورتحال میں انہیں معلوم نہیں کہ ایران میں کس سے بات کی جائے کیونکہ حالیہ حملوں میں کئی رہنما ہلاک ہو چکے ہیں۔

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے صدر ٹرمپ کی پالیسیوں کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ ٹرمپ ایران کے معاملے میں کامیاب ہوں گے۔ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے بعد عالمی برادری صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں