صدر مملکت اور وزیراعظم نے اسلاموفوبیا کے عالمی دن پر مسلمانوں کے خلاف نفرت اور تعصب کے خاتمے پر زور دیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) صدر مملکت اور وزیراعظم نے اسلاموفوبیا کے تدارک کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ دنیا بھر میں مسلمانوں کے خلاف نفرت اور تعصب کے خاتمے کی ضرورت ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ اسلام امن، ہمدردی اور انصاف کا دین ہے، اور اسے انتہا پسندی سے جوڑنا لاعلمی کی عکاسی ہے۔ انہوں نے عالمی برادری کو نفرت انگیز جرائم کے خلاف قانونی تحفظ مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اظہارِ رائے کی آزادی نفرت پھیلانے کے لئے استعمال نہیں ہونی چاہیے۔
آصف زرداری نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی معاشروں کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، اور مسلمانوں کے خلاف تعصب ان کے تحفظ کو متاثر کرتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نیشنل کمیشن فار مینارٹیز رائٹس ایکٹ 2025 نافذ کیا جا چکا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج کا دن مسلمانوں کو مذہبی تعصب اور متشدد واقعات کے خلاف تحفظ فراہم کرنے کا عالمی احساس ہے۔ پاکستان نے تمام بین الاقوامی فورمز پر اسلاموفوبیا کے خلاف آواز بلند کی ہے اور آئندہ بھی یہ کوششیں جاری رکھے گا۔














