ایران میں یوم القدس کے موقع پر لاکھوں افراد نے فلسطین کی حمایت میں مظاہرے کیے، وزیر خارجہ نے عوامی حمایت کو ایران کے مؤقف کی مضبوطی قرار دیا۔
تہران: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ یوم القدس کے موقع پر ملک بھر میں لاکھوں افراد سڑکوں پر نکل آئے ہیں جو فلسطین کے مسئلے اور ایران کے مؤقف کی حمایت کا اظہار کر رہے ہیں۔
تہران میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ صہیونی حکومت اور امریکہ کی جانب سے حملوں کے باوجود عوام کی بڑی تعداد سڑکوں پر موجود ہے۔ ان کے مطابق یہ اجتماعات صرف دارالحکومت تک محدود نہیں بلکہ ایران کے مختلف شہروں میں بھی بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی یہ موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ ایرانی عوام اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ کھڑے ہیں اور القدس اور فلسطین کے مسئلے کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہیں۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایران اپنے اصولی مؤقف اور مقاصد کے ساتھ آگے بڑھتا رہے گا اور عوامی حمایت اس عزم کو مزید مضبوط بناتی ہے۔

تیل کی قیمتوں میں حالیہ اضافے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں قیمتوں کا بڑھنا خطے میں امریکہ اور اسرائیل کی کارروائیوں کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کا نتیجہ ہے۔
واضح رہے کہ ایران میں ہر سال رمضان کے آخری جمعہ کو یوم القدس منایا جاتا ہے جس میں فلسطین کے حق میں مظاہرے اور ریلیاں منعقد کی جاتی ہیں۔












