ایرانی صدر نے جنگ کے خاتمے کے لیے تین شرائط پیش کر دیں

ایران کے صدر نے خطے میں امن کے لیے ایران کے حقوق کی تسلیم اور نقصانات کی تلافی کی شرط رکھی ہے، جبکہ آئندہ جارحیت کے خلاف عالمی ضمانتوں کا مطالبہ کیا۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
ایران کے صدر نے خطے میں امن کے لیے عالمی ضمانتوں کا مطالبہ کیا

تہران: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے خطے میں جاری جنگ کے خاتمے کے لیے ایران کے جائز حقوق کی تسلیم، نقصانات کا ہرجانہ ادا کرنے اور آئندہ جارحیت کے خلاف بین الاقوامی ضمانتوں کی فراہمی کو ضروری قرار دیا ہے۔

صدر پزشکیان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جاری بیان میں کہا کہ انہوں نے روس اور پاکستان کی قیادت سے گفتگو میں خطے میں امن کے لیے ایران کے مؤقف کو دہرایا۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ جنگ کا آغاز اسرائیل اور امریکہ کی کارروائیوں سے ہوا۔


ایرانی صدر نے اس بات پر زور دیا کہ ایران خطے میں امن اور استحکام کا خواہاں ہے، تاہم اس کے لیے ضروری ہے کہ ایران کے قانونی حقوق تسلیم کیے جائیں اور جنگ سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل میں کسی بھی ممکنہ جارحیت کو روکنے کے لیے واضح اور مضبوط بین الاقوامی ضمانتیں فراہم کی جانی چاہئیں۔

واضح رہے کہ ایران اور امریکہ و اسرائیل کے درمیان کشیدگی کے باعث مشرق وسطیٰ میں سکیورٹی صورتحال مسلسل غیر یقینی کا شکار ہے اور متعدد ممالک سفارتی رابطوں کے ذریعے جنگ بندی کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

دیگر متعلقہ خبریں