مریم نواز نے گرین ٹریکٹر سکیم کے تیسرے مرحلے کا آغاز کیا، جس سے پنجاب کا زرعی منظرنامہ تبدیل ہو رہا ہے۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سی ایم گرین ٹریکٹر پروگرام فیز 3 کا افتتاح کرتے ہوئے قرعہ اندازی کا آغاز کیا۔ انہوں نے کہا کہ گرین ٹریکٹر سکیم کی بدولت صوبے کا زرعی منظرنامہ تبدیل ہو رہا ہے۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ گزشتہ 25 برسوں میں 20 ہزار ٹریکٹر فراہم کیے گئے، جبکہ صرف دو سال میں 31 ہزار ٹریکٹر فراہم کر کے نیا ریکارڈ قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کامیاب کاشتکاروں کو مبارکباد دیتے ہوئے بعض کو خود فون کرکے خوشخبری بھی سنائی۔
صوبائی وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی نے بتایا کہ اس مرحلے میں 5 ایکڑ اراضی کے 4 لاکھ 27 ہزار مالک کاشتکاروں نے درخواستیں جمع کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹریکٹروں کی قیمتیں دگنی ہو چکی ہیں، جس سے چھوٹے کسانوں کے لیے خریداری مشکل ہو گئی تھی۔
حکام نے بتایا کہ پنجاب میں 10 ہزار ایکڑ اراضی پر صرف 140 ٹریکٹر موجود ہیں، جو عالمی معیار سے کم ہیں۔ اس سکیم سے زرعی پیداوار میں اضافہ متوقع ہے۔















