وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کوئلے سے یوریا کی تیاری کے منصوبے کو تھر اور پاکستان کے لیے گیم چینجر قرار دیا۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کوئلے سے یوریا بنانے کا منصوبہ تھر اور پاکستان کے لیے اہم تبدیلی کا سبب بنے گا۔
فوجی فرٹیلائیزر کمپنی (ایف ایف سی) اور سندھ حکومت کے درمیان ملاقات میں کوئلے سے یوریا کھاد تیاری کے منصوبے پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ اس ملاقات میں ایف ایف سی کے سی ای او جہانگیر پراچہ سمیت سینئر حکام نے شرکت کی۔
مراد علی شاہ نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ کوئلے سے یوریا کی تیاری سے اس کی قیمت میں نمایاں کمی آئے گی، جو زرعی شعبے کو فائدہ پہنچائے گی۔ یہ منصوبہ سندھ کی معیشت کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے سے 3,500 سے زائد براہِ راست اور 7,000 سے زائد بالواسطہ روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ یوریا کی درآمد میں کمی سے ممکنہ طور پر 260 ملین ڈالر تک برآمدات سے قومی خزانے کو فائدہ ہوگا، جبکہ سندھ حکومت کو سالانہ تقریباً 5.5 ملین ڈالر تک رائلٹی ملنے کا امکان ہے۔















