خیبر پختونخوا میں ریڑھی بانوں کے تحفظ کے لیے قانون سازی تیار

خیبر پختونخوا حکومت نے ریڑھی بانوں کے تحفظ کے لیے قانون سازی مکمل کر لی ہے، جس میں ان کے حقوق کو قانونی تحفظ دیا جائے گا۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

پشاور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) خیبر پختونخوا حکومت نے ریڑھی بانوں کے تحفظ کے لیے پہلی اسٹریٹ اکانومی قانون سازی مکمل کر لی ہے۔ وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے اعلان کیا کہ احساس ریڑھی بان روزگار تحفظ بل 2025 کا مسودہ تیار کر لیا گیا ہے۔

سہیل آفریدی نے بتایا ہے کہ خیبر پختونخوا پہلا صوبہ بن گیا ہے جہاں ریڑھی بانوں کے حقوق کو قانونی تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے۔ 1.4 لاکھ سے زائد ریڑھی بانوں کو ریاستی تحفظ دیا جائے گا اور ان کی روزی پر کوئی ڈاکہ نہیں ڈال سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ 380 ارب روپے کی اسٹریٹ اکانومی کو مکمل قانونی ڈھانچہ دے کر صوبائی حکومت نے تاریخ رقم کی ہے۔ نئے قانون میں ہراسانی اور رشوت ستانی کو سنگین جرم قرار دیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ رجسٹرڈ ریڑھی بانوں کے خلاف انسداد تجاوزات کارروائیاں بغیر نوٹس کے مکمل طور پر ممنوع ہوں گی۔ نئے قانون میں ریڑھی بانوں کو مائیکرو فنانس، کریڈٹ، انشورنس اور ایمرجنسی سپورٹ کی سہولت دی جائے گی۔

سہیل آفریدی نے عمران خان کے ریاست مدینہ کے وژن کے مطابق ریڑھی بانوں کو محفوظ وینڈنگ زونز، واضح حقوق اور مکمل قانونی تحفظ کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ایوان میں پیشی سے قبل بل کو کابینہ میں منظوری کے لیے بھجوایا جا رہا ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں