صدر زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے رمضان المبارک 1447ھ کے آغاز پر مبارکباد دی اور روحانی پاکیزگی و خیرسگالی کے پیغامات دیے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے رمضان المبارک 1447ھ کے آغاز پر خصوصی پیغام دیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مسلمانوں کو رمضان کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ ماہ مقدس اللہ کی خصوصی عنایت ہے اور عبادت، تقویٰ اور روحانی پاکیزگی کا موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان ہمیں اجتماعی خیرسگالی اور کمزور طبقہ کی فلاح و بہبود کا پیغام دیتا ہے۔ حکومت نے کمزور طبقات کی مدد کے لیے رمضان پیکج کا آغاز کیا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ رمضان رحمت، مغفرت اور جہنم سے نجات کا مہینہ ہے اور پوری قوم کو اس کی آمد پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رمضان ہمیں صبر، ایثار اور اللہ سے قربت کا درس دیتا ہے اور یہ ہماری انفرادی اور اجتماعی زندگیوں میں اصلاح کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔















