لاہور ہائیکورٹ نے مریم نواز کی چوہدری شوگرملز کیس میں نیب کو ایک ہفتے میں ریفرنس دائر کرنے کا حکم دیا۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے وزیر اعلیٰ مریم نواز کی چوہدری شوگرملز میں بطور گارنٹی جمع کرائی گئی رقم کی واپسی کی درخواست کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔ عدالت نے نیب کو ایک ہفتے میں چوہدری شوگر ملز کیس بند کرنے کے لیے احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کرنے کی ہدایت دی ہے۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے آٹھ صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا، جس میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار نے چوہدری شوگرملز کیس میں سات کروڑ روپے بطور گارنٹی واپس کرنے کی استدعا کی تھی۔
نیب رپورٹ کے مطابق 2020 میں مریم نواز کے خلاف انکوائری کو انویسٹی گیشن میں تبدیل کیا گیا تھا، اور تفتیش کے بعد بتایا گیا کہ کیس میں کرپشن ثابت نہیں ہوئی۔ نیب کا کہنا ہے کہ کیس بند کرنے کے لیے احتساب عدالت سے رجوع ضروری ہے کیونکہ نیب ترمیمی ایکٹ کے مطابق انویسٹی گیشن بند کرنے کا اختیار صرف عدالتوں کے پاس ہے۔















