سڑکوں کی بندش پر ہائیکورٹ برہم، چیف سیکرٹری اور آئی جی طلب

پشاور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی احتجاج پر برہمی ظاہر کرتے ہوئے چیف سیکرٹری اور آئی جی خیبرپختونخوا کو طلب کر لیا۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
پشاور ہائیکورٹ کی پی ٹی آئی احتجاج پر برہمی، چیف سیکرٹری طلب

پشاور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پشاور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے احتجاج کے باعث سڑکوں کی بندش پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔ جسٹس اعجاز انور کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے چیف سیکرٹری اور آئی جی خیبرپختونخوا کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا۔

درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سڑکیں بند کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ جسٹس اعجاز انور نے ایڈووکیٹ جنرل سے استفسار کیا کہ اب تک کتنے افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی ہے۔

ایڈووکیٹ جنرل شاہ فیصل نے کہا کہ ڈیٹا مرتب کرنے میں وقت درکار ہے۔ جسٹس اعجاز انور نے کہا کہ پرانے مقدمات کی تفصیلات کی ضرورت نہیں، چوتھا روز ہے سب کچھ بند ہے، اب تک کتنے لوگوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی؟

جسٹس اعجاز انور نے کہا کہ صوبے کے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے، عدالت نے چیف سیکرٹری اور آئی جی کو ذاتی حیثیت میں طلب کر کے سماعت ملتوی کر دی۔

خیبر پختونخوا کے داخلی و خارجی راستوں پر پی ٹی آئی دھرنوں کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں