کپتان سلمان علی آغا نے بھارت سے شکست کے بعد بیٹرز کو ذمہ دار ٹھہرایا، پاور پلے میں وکٹیں گرنے سے میچ ہاتھ سے نکلا۔ پاکستان کو سپر 8 مرحلے میں پہنچنے کے لیے نمیبیا کے خلاف جیتنا ہوگا۔
کولمبو: (رائیٹ ناوٴ نیوز) آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کے خلاف شکست کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ پاور پلے میں وکٹیں گرنے سے میچ ہاتھ سے نکل گیا۔ پاکستان کو 61 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 175 رنز بنائے، جواب میں پاکستانی ٹیم 114 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
سلمان علی آغا نے پوسٹ میچ پریزنٹیشن میں کہا کہ رن چیز کے آغاز میں وکٹیں گرنے کے باعث دباؤ بڑھا اور ہمارے بیٹرز صورت حال کے مطابق نہیں کھیل سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کے خلاف اعصاب شکن مقابلوں میں دباؤ سے نمٹنا ضروری ہے۔ اب ٹیم کو نمیبیا کے خلاف ہونے والے اہم گروپ میچ پر توجہ مرکوز کرنی ہوگی تاکہ سپر 8 مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ اگر پاور پلے میں 3، 4 وکٹیں گر جائیں تو پھر مشکل ہوجاتا ہے۔ پاکستان کو سپر 8 مرحلے میں پہنچنے کے لیے اپنا آخری گروپ میچ لازمی جیتنا ہوگا۔ اگر نمیبیا نے اپ سیٹ کردیا تو پاکستان سپر 8 کی دوڑ سے باہر ہو جائے گا۔
پاکستان بھارت کے خلاف 61 رنز کی شکست کے بعد نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر پوائنٹس ٹیبل پر امریکا سے نیچے آ گیا ہے۔















