آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں آج بھارت اور پاکستان میں کرکٹ میچ ہوگا۔
کولمبو: (رائیٹ ناوٴ نیوز)بھارت اور پاکستان کے درمیان کرکٹ میچ محض کھیل نہیں رہتا بلکہ ایک جنگ کا سا ماحول اختیار کر لیتا ہے، جہاں میدان میں گیند اور بلا آمنے سامنے ہوتے ہیں مگر دونوں جانب کروڑوں دل دھڑک رہے ہوتے ہیں۔
میچ کے آغاز سے قبل ہی دونوں ممالک میں سڑکیں سنسان اور ڈرائنگ روم بھر جاتے ہیں، لوگ اپنی ٹی وی سکرینوں سے یوں جڑے ہوتے ہیں جیسے قومی وقار کا فیصلہ انہی لمحوں میں ہونا ہو۔ ایک چوکا یا وکٹ خوشی کی لہر دوڑا دیتی ہے، جبکہ خراب کارکردگی پر ناظرین شدید جذباتی ردعمل دیتے ہیں اور بعض اوقات غصے میں ٹی وی سکرینیں تک توڑ دیتے ہیں۔
بھارت اور پاکستان کے درمیان آج کرکٹ کا اہم مقابلہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے گروپ مرحلے میں ہوگا۔ یہ میچ سری لنکا کے شہر کولمبو کے پریما داسا اسٹیڈیم میں شام 7 بجے شروع ہوگا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ سیاسی کشیدگی کے بعد اہمیت کا حامل ہے۔
پاکستان کی جانب سے میچ کے بائیکاٹ کا اعلان سامنے آیا تھا، جو بعد ازاں مذاکرات کے بعد واپس لے لیا گیا، جس سے ٹورنامنٹ کو درپیش غیر یقینی صورتحال ختم ہوئی۔
یہ مقابلہ 2025 ایشیا کپ فائنل کے بعد دونوں ٹیموں کا پہلا آمنا سامنا ہے، جس میں بھارت نے فتح حاصل کی تھی۔ پاکستانی اسپنر عثمان طارق اس میچ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، جبکہ بھارتی کپتان سوریا کمار یادو کی قیادت میں بیٹنگ لائن مضبوط سمجھی جا رہی ہے۔
کولمبو میں شائقین کی بڑی تعداد موجود ہے اور تقریباً 35,000 ٹکٹ فروخت ہو چکے ہیں۔ ہوٹلوں اور پروازوں کی طلب میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے، جس سے میزبان ملک کی سیاحت اور معیشت کو عارضی فائدہ پہنچ رہا ہے۔
دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ سیریز کی معطلی کے باعث عالمی ایونٹس میں ہونے والا ہر مقابلہ غیر معمولی اہمیت اختیار کر لیتا ہے۔















