وزیراعظم شہباز شریف اور محسن نقوی کے درمیان مشاورت کے بعد پاک بھارت ٹی 20 میچ کا فیصلہ ہو گیاہے۔ سری لنکن صدر نے پاکستانی ٹیم کو میچ کھیلنے کی درخواست کی تھی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز)وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کو بھارت کے خلاف ٹی 20 ورلڈ کپ میچ کھیلنے کی باضابطہ اجازت دے دی ہے۔ پاک بھارت میچ 15 فروری کو سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں کھیلا جائے گا۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے وزیرِ اعظم سے رابطہ کر کے میچ سے متعلق تمام سفارتی اور انتظامی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ ذرائع کے مطابق اجازت مشاورت اور عالمی کرکٹ اداروں سے رابطوں کے بعد دی گئی۔
محسن نقوی نے وزیرِ اعظم کو بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی میچ کھیلنے کے حوالے سے درخواست اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ردعمل سے بھی آگاہ کیا۔ اس کے علاوہ مختلف ممالک کے کرکٹ بورڈز کی جانب سے ہونے والے رابطوں اور حمایت پر بھی بریفنگ دی گئی۔
محسن نقوی نے وزیرِ اعظم کو بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے حالیہ بیان اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ردعمل سے بھی مطلع کیا۔ چیئرمین پی سی بی نے مختلف ممالک کے کرکٹ بورڈز کی جانب سے ہونے والی پیش رفت اور سفارتی سطح پر سامنے آنے والی صورتحال پر بھی وزیرِ اعظم کو اعتماد میں لیا۔
اسی تناظر میں وزیرِ اعظم شہباز شریف اور سری لنکا کے صدر انورا کمارا ڈسانائیکے کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو ہوئی۔ سری لنکن صدر نے پاکستانی ٹیم کو سری لنکا میں پاک بھارت میچ کھیلنے کی درخواست کی، جسے وزیرِ اعظم نے مثبت انداز میں سنا۔
سری لنکن صدر نے کہا کہ دہشت گردی کے مشکل دور میں پاکستان نے سری لنکن کرکٹ کا بھرپور ساتھ دیا تھا۔ وزیرِ اعظم نے اس تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان سری لنکا کے کردار اور تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
گزشتہ ماہ بنگلادیش نے بھارت میں جاری ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں شرکت پر سیکیورٹی خدشات ظاہر کیے تھے جس کے باعث آئی سی سی نے وینیوز کی تبدیلی کی درخواست مسترد کر دی۔ بنگلادیش نے احتجاجاً ایونٹ سے دستبرداری اختیار کی، جس کے بعد اسکاٹ لینڈ کو شامل کر لیا گیا۔
پاکستان نے اس اقدام پر اعتراض کرتے ہوئے بھارت کے خلاف میچ بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا۔ بعد میں آئی سی سی کی کوششوں سے پاکستان نے میچ کھیلنے پر آمادگی ظاہر کی۔















