ٹی 20 ورلڈ کپ، پاکستان بھارت سے میچ کھیلے گا یا نہیں فیصلہ وزیراعظم کریں گے

لاہور میں پی سی بی اور آئی سی سی کی ملاقات میں بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کا فیصلہ وزیراعظم پر چھوڑ دیا گیا۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
ٹی 20 ورلڈ کپ: پاکستان کا بھارت سے میچ کھیلنے کا فیصلہ وزیراعظم کریں گے

لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز)پاکستان کی جانب سے بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کے مؤقف کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل پر دباؤ بڑھ گیا ہے، جس کے نتیجے میں اگلے 24 گھنٹوں میں پاک بھارت ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میچ سے متعلق اہم پیش رفت کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ڈپٹی چیئرمین عمران خواجہ کے درمیان لاہور میں اہم ملاقات ہوئی جس میں ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں بھارت کے خلاف میچ کھیلنے پر بات چیت کی گئی۔ملاقات میں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام بھی شامل تھے۔ پی سی بی نے بنگلہ دیش کو ریونیو اور ایونٹس کی یقین دہانی کرائی ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کا حتمی فیصلہ وزیراعظم کریں گے۔

لاہور میں آئی سی سی، پاکستان کرکٹ بورڈ اور بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے درمیان مذاکرات 5 گھنٹے سے زائد جاری رہے، جن میں مختلف آپشنز اور ممکنہ شرائط پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے میچ سے متعلق کڑی شرائط پر مؤقف برقرار رکھا۔

اطلاعات کے مطابق آئی سی سی نے بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے مطالبات پر مثبت ردعمل دیتے ہوئے ورلڈ کپ سے باہر ہونے کے بعد ازالے کے لیے ایک فارمولہ تیار کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں آئی سی سی اور بنگلادیشی بورڈ کے درمیان تجاویز کا باقاعدہ تبادلہ بھی ہوا۔

یہ معاملہ اس وقت شروع ہوا جب بنگلہ دیش کے فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو انڈین پریمیئر لیگ کی ٹیم سے ریلیز کر دیا گیا۔ اس کے بعد بنگلہ دیش نے اپنے میچز منتقل کرنے کی درخواست کی تھی جو مسترد ہو گئی تھی۔

پاکستان نے بنگلہ دیش کی حمایت میں بھارت کے خلاف میچ کا بائیکاٹ کیا تھا۔ اب آئی سی سی کی کوششوں کے بعد اس معاملے کا حتمی فیصلہ متوقع ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں