اسحاق ڈار کی صدر پیوٹن سے ملاقات، علاقائی تعاون بڑھانے پر اتفاق

ماسکو میں نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کی پیوٹن سے ملاقات میں دو طرفہ اور علاقائی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

ماسکو: (رائیٹ ناوٴ نیوز) نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے ماسکو میں روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور روس نے دو طرفہ اور علاقائی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اس ملاقات میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے رکن ممالک کے سربراہان بھی شریک تھے۔ نائب وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ ایس سی او رکن ممالک کے درمیان منظم روابط انتہائی اہم ہیں۔

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے رہنماؤں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ وہ خطے میں اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانا چاہتے ہیں۔

اس سے قبل شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس سے خطاب میں نائب وزیرِ اعظم نے کہا کہ ایس سی او ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے اور انسانی تعاون میں علاقائی سطح پر مؤثر کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے ٹیکنالوجی پر مبنی ایک فعال ڈیزاسٹر مینجمنٹ نظام تیار کیا ہے اور علاقائی آفات سے نمٹنے کی تیاری مزید بہتر بنانے کے لیے ایس سی او پارٹنرز کے ساتھ مشقوں کے انعقاد کے خواہاں ہیں۔

دیگر متعلقہ خبریں