سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ٹرمپ سے ملاقات کی، دفاعی تعاون اور سرمایہ کاری کے معاہدے زیر غور آئے۔
واشنگٹن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے لیے وائٹ ہاؤس پہنچے۔ امریکی صدر نے ان کا استقبال کیا۔
اوول آفس میں ہونے والی ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے امریکا اور سعودی عرب کے دفاعی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا، جس میں دفاعی خریداری معاہدے اور امریکی مصنوعی ذہانت کے انفراسٹرکچر میں سعودی سرمایہ کاری شامل ہے۔
امریکی حکام کے مطابق، سعودی عرب امریکا سے 48 طیارے خریدنے کا ارادہ رکھتا ہے، جن کی مالیت اربوں ڈالر ہو گی۔ یہ معاہدے سعودی عرب کے امریکا میں 600 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے وعدے کے تحت کیے جائیں گے۔
امریکی صدر نے سعودی عرب کو ایف 35 لڑاکا طیارے فروخت کرنے کی پیشکش کی ہے۔ دوسری جانب سعودی عرب امریکا سے باضابطہ سکیورٹی ضمانت چاہتا ہے، جب کہ صدر ٹرمپ سعودی عرب کے ساتھ کیے گئے سرمایہ کاری کے وعدے کو پورا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔














