بسنت کی تیاریاں عروج پر، اندرونِ لاہور کی چھتوں کے کرایے 55 لاکھ روپے تک پہنچ گئے

لاہور میں بسنت کی بحالی کے بعد چھتوں کے کرائے 21 سے 55 لاکھ روپے تک پہنچ گئے ہیں، جبکہ خستہ حال عمارتوں پر پتنگ بازی پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
لاہور میں بسنت کی تیاریاں، چھتوں کے کرائے لاکھوں میں

لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز)

لاہور میں بسنت کی بحالی کے پیش نظر شہر کی تاریخی اور مضبوط چھتیں پتنگ بازی کے لیے بک کی گئی ہیں، جن کے کرائے 21 لاکھ روپے سے 55 لاکھ روپے تک پہنچ گئے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے خستہ حال عمارتوں کی چھتوں پر پتنگ بازی پر پابندی عائد کر دی ہے اور حفاظتی بینرز آویزاں کیے ہیں۔

انتظامیہ کے مطابق صرف کشادہ اور مضبوط چھتوں کو بسنت کی اجازت دی گئی ہے، جو پیلے رنگ، پھولوں اور روشنیوں سے سجائی گئی ہیں۔ مقامی افراد کے ساتھ دیگر شہروں اور بیرونِ ملک سے آنے والے مہمانوں کے لیے کھانے پینے کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

اندرونِ شہر کے علاقوں موچی گیٹ اور رنگ محل میں تین روزہ تقریبات کے لیے نمایاں چھتیں 21 لاکھ سے 45 لاکھ روپے میں کرائے پر دی گئی ہیں۔ مینیو میں باربی کیو، بروست، ملائی بوٹی، پک گوشت، مٹن تکہ، ہریسہ، مچھلی، پھل اور خشک میوہ جات شامل ہیں۔

بسنت کے لیے پتنگ بازی 6 سے 8 فروری تک ہوگی، جبکہ بڑی پتنگیں 5 فروری سے اڑائی جائیں گی۔ شہر بھر میں پتنگ اور مانجھا فروشوں کے اسٹالز لگ چکے ہیں۔ پتنگوں کی قیمتیں چھوٹی 100 روپے، درمیانی 450 روپے اور بڑی 300 روپے مقرر ہیں، جبکہ مانجھے کے سیٹس 8 ہزار سے 15 ہزار تک فروخت ہو رہے ہیں۔

انتظامیہ نے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی ہے۔ تیز آواز میں موسیقی، آتش بازی اور خطرناک سرگرمیوں پر پابندی ہے، جبکہ ہوائی اڈوں کے اطراف پتنگ بازی ممنوع قرار دی گئی ہے۔ کئی برسوں بعد بسنت کی محدود اجازت سے شہر میں گہماگہمی دیکھی جا رہی ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں