نیٹ میٹرنگ صارفین کے یونٹس کریڈٹ نہ ہونے پر پاور ڈویژن کا نوٹس

پاور ڈویژن نے نیٹ میٹرنگ صارفین کے یونٹس کریڈٹ نہ ہونے پر نظرثانی کر کے مسئلہ حل کر دیا ہے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
نیٹ میٹرنگ صارفین کے یونٹس کریڈٹ نہ ہونے پر پاور ڈویژن کا نوٹس

اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز)پاور ڈویژن نے نیٹ میٹرنگ صارفین کے یونٹس کریڈٹ نہ ہونے کے معاملے پر وضاحت جاری کرتے ہوئے اس پر فوری کارروائی کی ہدایت کر دی ہے۔ وفاقی وزیر پاور ڈویژن سردار اویس احمد خان لغاری نے پی پی ایم سی کی ہدایات کے تحت نیٹ میٹرنگ صارفین کے یونٹس کریڈٹ نہ کرنے کا نوٹس لیا ہے۔

پاور ڈویژن کے مطابق وفاقی وزیر کی ہدایت پر پی پی ایم سی کو جاری ہدایات پر نظرثانی اور مسئلے کی جانچ پڑتال کے لیے ایکشن لینے کا کہا گیا ہے تاکہ صارفین کو درپیش شکایات کا ازالہ کیا جا سکے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ کچھ نیٹ میٹرنگ صارفین نے اپنے لائسنس میں منظور شدہ صلاحیت سے زائد نیٹ میٹرنگ سسٹم نصب کیے ہوئے ہیں، جس کے باعث گزشتہ ماہ چند صارفین کو نیشنل گرڈ کو فروخت کی گئی بجلی کے یونٹس کا کریڈٹ نہیں دیا گیا۔

پاور ڈویژن نے واضح کیا ہے کہ اس حوالے سے طریقہ کار کا دوبارہ جائزہ لیا جا رہا ہے اور ہدایت دی گئی ہے کہ منظور شدہ صلاحیت کے مطابق گرڈ کو بھیجے گئے یونٹس کے کریڈٹ کے معاملے کو دیکھا جائے۔

پاور ڈویژن کے مطابق اس سلسلے میں تمام ڈسکوز کو صورتحال کی جانچ اور ضروری اقدامات کے لیے آگاہ کر دیا گیا ہے، جبکہ جن صارفین کے بلوں میں نیٹ میٹرنگ یونٹس کریڈٹ نہیں ہوئے، ان کے کیسز کو متعلقہ فورمز پر اٹھایا جائے گا۔

وفاقی وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ بجلی صارفین کو ان کے جائز حقوق سے محروم نہیں ہونے دیا جائے گا اور اس معاملے میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

دیگر متعلقہ خبریں