ایس اینڈ پی گلوبل نے پاکستانی معیشت کی مضبوطی کی پیش گوئی کی ہے، جی ڈی پی کی شرح نمو 2025-26 میں 3.5 فیصد اور 2026-27 میں 4.4 فیصد تک پہنچ سکتی ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) امریکی ریٹنگ ادارے ایس اینڈ پی گلوبل مارکیٹ انٹیلی جنس نے پاکستانی معیشت کے بارے میں مثبت پیش گوئی کی ہے، جس کے مطابق مالی سال 2025-26 میں جی ڈی پی کی شرح نمو 3.5 فیصد رہنے کا امکان ہے جبکہ 2026-27 میں یہ 4.4 فیصد تک پہنچ سکتی ہے۔ اس پیش گوئی کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے تخمینے بھی اس کی تصدیق کرتے ہیں۔
ایس اینڈ پی نے بتایا کہ اسٹیٹ بینک کی حالیہ مانیٹری پالیسی کے تحت مالی سال 2025-26 میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ جی ڈی پی کے 0 سے 1 فیصد تک رہنے کا امکان ہے۔ زرمبادلہ کے ذخائر جون 2026 تک 18 ارب ڈالر سے تجاوز کر سکتے ہیں۔
مہنگائی کے حوالے سے اسٹیٹ بینک نے آئندہ دو برسوں میں افراطِ زر کے 5 سے 7 فیصد کے اندر رہنے کی توقع ظاہر کی ہے۔ ایس اینڈ پی کے مطابق 2026 میں مہنگائی 5.1 فیصد اور 2027 میں 5.6 فیصد تک رہ سکتی ہے۔














