گل پلازہ آتشزدگی میں جاں بحق افراد کی تعداد 73 ہوگئی, عمارت سیل

گل پلازہ کے آتشزدگی کے واقعے میں جاں بحق افراد کی تعداد 73 ہوگئی، جبکہ لاپتا افراد کی فہرست 82 تک پہنچ چکی ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے عمارت کو سیل کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
گل پلازہ آتشزدگی میں جاں بحق افراد کی تعداد 73 ہوگئی

کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) کراچی کے ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں حالیہ آتشزدگی کے بعد جاری سرچ آپریشن تقریباً مکمل کر لیا گیا ہے اور متاثرہ عمارت کو سیل کرنے کا عمل جاری ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق ملبے سے لاشوں کی تلاش مکمل ہو چکی ہے، تاہم احتیاط کے تحت عمارت کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر ساؤتھ جاوید نبی کھوسو نے کہا کہ عمارت کو مکمل سیل کیا جائے گا کیونکہ یہ شدید مخدوش ہو چکی ہے اور کسی بھی وقت گرنے کا خدشہ ہے۔ جاوید کھوسو نے مزید کہا کہ 30 جاں بحق افراد کا ڈیٹا حکومت کو بھیجا گیا ہے تاکہ متاثرہ خاندانوں کو مالی معاونت فراہم کی جا سکے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق آتشزدگی میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 73 ہو گئی ہے، جبکہ لاپتا افراد کی فہرست 82 تک پہنچ چکی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ 55 خاندانوں نے ڈی این اے نمونے جمع کروائے ہیں اور 23 لاشوں کی شناخت ہو چکی ہے۔

دوسری جانب پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔ ایس ایس پی سٹی عارف عزیز کے مطابق متعدد افراد کے بیانات قلمبند کیے گئے ہیں اور اگر غفلت ثابت ہوئی تو ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

گل پلازہ میں گزشتہ ہفتے آگ بھڑک اٹھنے کے بعد 1200 دکانیں جل گئیں اور درجنوں افراد جاں بحق ہوئے۔ واقعے کے بعد شہر بھر میں عمارتوں کی حفاظت اور فائر سیفٹی انتظامات پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں، جن کا جائزہ لینے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں