وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے غیر قانونی امیگریشن میں 47 فیصد کمی کا اعلان کیا۔ پاکستان اور امریکا نے تعلقات مضبوط کرنے اور تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ مؤثر حکومتی اقدامات کے نتیجے میں غیر قانونی امیگریشن میں 47 فیصد کمی آئی ہے۔ انہوں نے یہ بات امریکی سفیر نٹالی بیکر سے ملاقات کے دوران کہی۔
ملاقات میں پاکستان اور امریکا کے دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ دونوں ممالک نے غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام اور پری امیگریشن کلیئرنس سسٹم کی مؤثریت کا جائزہ لیا۔
اعلامیے کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں خصوصاً پولیس کی تربیت میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ جعلی اور فراڈ ویزا نیٹ ورکس کے خلاف جامع ایس او پیز کے تحت مشترکہ کارروائی کا فیصلہ بھی ہوا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ایجنٹ مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے اور جعلی ویزا نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیوں کی وہ خود نگرانی کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاسپورٹس کو مزید محفوظ بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جا رہی ہے اور امریکا جانے کی غیر قانونی کوششوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن جاری ہے۔
امریکی سفیر نٹالی بیکر نے کہا کہ امریکا پاکستان کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے اور مشترکہ ترجیحات و باہمی تعاون سے دوطرفہ روابط مزید مضبوط ہوں گے۔













