آئی سی سی نے بنگلادیش کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شامل کر لیا، بنگلادیش نے سیکیورٹی خدشات کے باعث بھارت میں کھیلنے سے انکار کیا تھا۔
دبئی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) آئی سی سی نے اعلان کیا ہے کہ بھارت اور سری لنکا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بنگلادیش کی جگہ اسکاٹ لینڈ کی ٹیم شریک ہوگی۔ بنگلادیش نے بھارت میں سیکیورٹی خدشات کے باعث میچز کھیلنے سے انکار کیا تھا اور سری لنکا میں میچز منتقل کرنے کی درخواست کی تھی۔
آئی سی سی نے بتایا کہ بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے ساتھ تفصیلی بات چیت ہوئی اور ان کے تحفظات کا جائزہ لیا گیا، تاہم بالآخر اسکاٹ لینڈ کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے بنگلادیش کے ساتھ اس فیصلے کو زیادتی قرار دیا اور کہا کہ بنگلادیش کو بھی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت کا حق ملنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی حکومت ہی ورلڈکپ میں شرکت کا حتمی فیصلہ کرے گی۔
بنگلادیش نے بھارت میں سیکیورٹی خدشات کے ساتھ فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو انڈین پریمیئر لیگ سے باہر کرنے کے بعد بھارت جانے سے انکار کیا تھا۔















