امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈیووس میں غزہ بورڈ آف پیس پر 20 ممالک کے دستخط کی تقریب میں شرکت کی، پاکستان کی جانب سے شہباز شریف نے دستخط کیے۔
ڈیووس: (رائیٹ ناوٴ نیوز) امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے 10 ماہ میں 8 جنگیں رکوائیں، جن میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ جنگ بھی شامل ہے۔ سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فورم کے 56 ویں اجلاس کے موقع پر غزہ بورڈ آف پیس پر دستخط کیے گئے، جس میں پاکستان سمیت 20 ممالک نے شرکت کی۔ پاکستان کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف نے دستخط کیے۔ اس موقع پر ٹرمپ نے شہباز شریف سے اظہار تشکر کیا۔
امریکی صدر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کے لیے کوششیں جاری ہیں اور غزہ امن بورڈ میں مزید ممالک شامل ہونا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یوکرین اور روس کی جنگ میں ہزاروں افراد مارے جا رہے ہیں اور انہوں نے روسی صدر سے بات چیت کی ہے۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ اسرائیل اور ایران، سربیا اور کوسوو، تھائی لینڈ اور کولمبیا کے درمیان تنازعات کو ختم کیا گیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران کی جوہری صلاحیت کا خاتمہ کیا گیا ہے اور مصر و ایتھوپیا کے درمیان تنازع بھی حل کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران دو ماہ میں جوہری طاقت بن سکتا تھا اور حماس کو غیر مسلح ہونا ہوگا، بصورت دیگر تباہی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ٹرمپ نے کہا کہ جنگیں رکوانے کے بعد کئی ممالک کے سربراہان ان کے دوست بن گئے ہیں اور نیٹو کو دفاعی بجٹ بڑھانے پر رضا مند کیا گیا ہے۔











